ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آندھرا پردیش: وزیر اعلیٰ نائیڈو کا وعدہ، حج پر جانے والے مسلمانوں کو ایک لاکھ روپے امداد

آندھرا پردیش: وزیر اعلیٰ نائیڈو کا وعدہ، حج پر جانے والے مسلمانوں کو ایک لاکھ روپے امداد

Tue, 24 Sep 2024 18:04:40    S.O. News Service

وجئے واڑہ، 24/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں جنہیں وسیع پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں انھوں نے اقلیتی فلاحی محکمے کا جائزہ لیتے ہوئے متعدد نئے اقدامات کا اعلان کیا۔ پیر کے روز انہوں نے اقلیتی فلاح کے منصوبوں کی تنظیم نو کا حکم دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کی بہتری کے لیے وقف املاک کو ترقی دی جائے گی تاکہ اقلیتی طبقہ ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکے۔

ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے کڈپّا حج ہاؤس کی تعمیر کا کام جلد از جلد پورا کرنے کی ہدایت ذمہ داران کو دی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نائیڈو نے کہا ہے کہ انتخاب کے دوران امام کو 10 ہزار روپے ماہانہ اور مولانا کو 5 ہزار روپے ماہانہ دینے کا جو وعدہ کیا گیا تھا اسے بھی جلد ہی پورا کیا جائے گا۔ اتنا ہی نہیں، انھوں نے اس بات کا بھی اظہارِ عزم کیا ہے کہ جو بھی مسلم حج سفر کے لیے جائے انھیں ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

ریاستی سکریٹریٹ میں اقلیتی فلاح سے متعلق میٹنگ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نائیڈو نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ وسیع طور پر چیزوں کو سمجھ کر ان کا مطالعہ کریں اور اقلیتوں کی فلاح کے لیے منصوبوں کو نافذ کرنے کا نیا فارمولہ بنائیں۔ میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ’شادی خانہ‘ (میرج ہال) اور جو بھی تعمیرات گزشتہ ٹی ڈی پی حکومت کے دوران شروع کی گئی تھیں انھیں بھی مکمل کیا جائے۔

کڈپّا حج ہاؤس کے متعلق افسران نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ 24 کروڑ روپے کی منظوری ملی تھی اور اس کی عمارت کا تقریباً 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ افسران نے یہ بھی جانکاری دی کہ گنٹور میں ’کرشچین بھون‘ کی تعمیر کے لیے 16 کروڑ روپے گزشتہ ٹی ڈی پی حکومت نے منظور کیے تھے، اس کا کام 50 فیصد تک پورا ہو چکا ہے۔ اس درمیان وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وقف بورڈ کی زمینوں کا سروے ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے۔


Share: